کم عمر بچے نے بھائی کے علاج کیلئے دو گھنٹوں میں لیموں پانی فروخت کرکے 6 ہزار ڈالر جمع کرلیے

کم عمر بچے نے بھائی کے علاج کیلئے دو گھنٹوں میں لیموں پانی فروخت کرکے 6 ہزار ڈالر جمع کرلیے

6/2/2018 6:27:13 PM :شائع کردہ

واشنگٹن : امریکی ریاست کیرولینا کے رہائشی 9 سالہ بچے نے اپنے چھوٹے بھائی کے علاج کے لیے لیموں پانی فروخت کرکے محض دو گھنٹوں میں 6 ہزار ڈالر کی خطیر رقم جمع کرلی۔ تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیرولینا کے جنوبی حصّے میں مقیم ایک چھوٹے بچے نے اپنے بھائی کو لاحق مہلک بیماری کا علاج کروانے کے حوالے س آنے والے اخراجات پورے کرنے میں اپنے والدین کی مدد کرنا چاہی اور صرف 2 گھنٹوں میں 6 ہزار ڈالر کی خطیر رقم جمع کرلی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ’یہ جواں عزم بچہ 9 سالہ اینڈرو ایمرے ہے جس کا شیر خوار بھائی ڈیلن ’کیرابی‘ نامی مہلک بیماری میں مبتلا ہے جو اپنی نوعیت کا نادر اور مہلک اعصابی مرض ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چند روز قبل جنوبی کیرولینا کے رہائشی ایمرے نے ساؤتھ کیرولینا کے علاقے گرین وڈ کے پرانے ٹرکوں کے بازار میں دو گھنٹے تک لیموں کا جوس اور اپنے کپڑے فروخت کرکے 6ہزار ڈالر جمع کیے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مارکیٹ میں فروخت کیے گئے کپڑوں پر اینڈرو ایمرے کے شیر خوار بھائی کی ’ٹیم ڈیلن‘ کا لوگو نمایاں تھا۔ امریکی میڈیا کا کہنا تھا کہ ایمرے ’گو فاؤنڈ می‘ نامی ویب سائٹ سے 1300 ڈالر پہلے ہی جمع کر چکا تھا۔ ایمرے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مذکورہ رقم اپنے بیمار بھائی پر خرچ کرے گا اور اپنے بھائی کے لیے ٹیڈی بیئر بھی خریدے گا۔ اینڈرو ایمرے کی والدہ کا کہنا تھا کہ ’ایمرے کا 9 سال کی عمر میں اپنے چھوٹے بھائی کے لیے اس طرح عطیات جمع کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ایمرے اپنے بھائی ڈیلن سے بے حد محبت کرتا ہے‘۔