ارباز خان نے انڈین پریمئر لیگ میں سٹے بازی کا اعتراف کرلیا

ارباز خان نے انڈین پریمئر لیگ میں سٹے بازی کا اعتراف کرلیا

6/2/2018 6:39:31 PM :شائع کردہ

ممبئی:بالی ووڈ سٹار سلمان خان کے بھائی ارباز خان نے آئی پی ایل میچز میں سٹے بازی کاانکشاف کردیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اسٹار ارباز خان نے آئی پی ایل میچز میں سٹے بازی کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو دیئے بیان میں کہا کہ وہ گزشتہ سال دو کروڑ سے زائد آئی پی ایل میچوں پر ہار گئے۔ ارباز خان اور بدنام زمانہ بکی سونو جالان کے درمیان کروڑوں کے لین دین کے انکشاف کے بعد فلمسٹار کو سمن جاری کیا گیا تھا۔ گرفتار بکی نے انکشاف کیا تھا کہ کئی بالی ووڈ اسٹارز الگ الگ ناموں سے کرکٹ میں دھندہ کرتے ہیں۔ واضح ہو کہ گرفتار بکی کے انکشافات کے بعدارباز خان کو اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا گیا۔ پولیس کے تفتیشی افسر پردیپ شرما نے بتایا کہ 'سونو جالان نے کچھ باتیں بتائی ہیں۔ ہم ارباز خان کا بیان لینے کے بعد ہم ان بیانات کی سچائی کی تفتیش کریں گے، اور اس کے بعد ہی کچھ کہہ سکیں گے۔' پولیس کا کہنا ہے کہ جالان کا انڈیا میں بڑے بڑے لوگوں سے رابطہ تھا اور اس کے تعلقات پاکستان، افغانستان اور کئی دوسرے کرکٹ کھیلنے والے ملکوں تک پھیلے ہوئے تھے۔ ایک اعلیٰ پولیس افسر نے کہا ہے کہ وہ آئی پی ایل میں سٹے بازی کی تفتیش کر رہے ہیں لیکن انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ ارباز خان کو کس سلسلے میں طلب کیا گیا ہے۔ پولیس افسر نے کہا کہ وہ ارباز کا بیان آنے کے بعد تمام پہلوؤں کی تفتیش کے بعد ہی کچھ کہہ سکیں گے۔