انسٹاگرام کا نیا فیچر، صارفین ہوجائیں ہوشیار

انسٹاگرام کا نیا فیچر، صارفین ہوجائیں ہوشیار

2/13/2018 3:24:12 PM :شائع کردہ

کیلی فورنیا، یونائٹڈ اسٹیٹس: انسٹا گرام نے صارفین کی پرائیوسی کو بہتر بنانے کیلئے نیا فیچر متعارف کروایا ہے جس سے صارف کو اسکی سٹوری یا تصویر کا اسکرین شاٹ لیے جانے کا نوٹی فیکیشن موصول ہوگا۔ اسکرین شاٹ اسمارٹ فون کا وہ فیچر ہے جس سے آپ بغیر کسی کے علم میں لائے کسی بھی تصویر، میسج ، چیٹ یا نوٹی فیکیشن کو اپنے پاس تصویر کی شکل میں محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ لیکن انسٹا گرام نے اب اس آپشن کو محدود کردیا ہے۔ جب بھی کسی کی تصویر یا اسٹوری کا اسکرین شاٹ لیا جائے گا اس یوزر کو آپ کے بارے میں معلومات مل جائیں گی کہ آپ نے اس کی کسی اسٹوری کو اپنے پاس اسکرین شاٹ کی مدد سے محفوظ کیا ہے انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق انسٹاگرام نے اسکرین شاٹ الرٹ فیچر کو گزشتہ ماہ متعارف کروانے کا اعلان کیا تھا، جو اب آزمائشی مراحل میں ہے۔ پہلی مرتبہ اسکرین شاٹ لینے کی صورت میں صارف کو خبردار کیا جائے گا کہ آئندہ اس حوالے سے آپ کے دوست کو الرٹ کردیا جائے گا جبکہ دوسری بار صارف کے دوست کے پاس نوٹیفکیشن چلا جائے گا۔ یہ نوٹیفکیشن اسٹوری فیچر کے کیمرا آپشن کی طرف نمایاں ہوگا اور معلوم ہوجائے گا کہ کس نے اسکرین شاٹ لیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے، ’ہماری کوشش ہے کہ انسٹاگرام پر بہترین سہولیات فراہم کریں تاکہ صارفین با آسانی اپنے قیمتی لمحات اس پر شیئر کرسکیں‘۔ لیکن اگر صارف چاہتا ہے کہ اسکرین شاٹ کا نوٹیفکیشن دوست کو موصول نہ ہو تو اس کے لیے وہ ایرو پلین موڈ پر جاکر اسکرین شاٹ لے سکتا ہے کیونکہ اس صورت میں وائے فائے اور انٹرنیٹ کام نہیں کرتا ۔ اس فیچر کے بارے میں فی الحال صارفین کی جانب سے ملا جلا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے۔