خوش رنگ پھولوں کے موسمِ بہار کی آمد آمد

خوش رنگ پھولوں کے موسمِ بہار کی آمد آمد

2/14/2018 5:10:48 PM :شائع کردہ

لاہور: رنگوں اور خوشبو وٴں کے موسم کی آمد آمد ہے۔ پھول موسم بہار کی آمد کا پتہ دیتے ہیں ۔ آمد بہار پر جشن منانے کی روایت نئی نہیں ہے۔ہر معاشرے کے بہار منانے کے مختلف انداز ہیں۔ پاکستان میں لوگ بسنت کا تہوار منا کر بہار کا استقبال کرتےہیں جبکہ بہت سے ممالک میں بہار کی آمد کا جشن منانے کے لئے رنگارنگ دلفریب اور منفرد پھولوں کی نمائشی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے لاہور سمیت ملک کے دیگر شہر جاڑے کو الوداع کہنے اور بے مثال بہار کا استقبال کرنے کو پر تول رہے ہیں۔ خوشگوار موسم میں شہری بھی حسین و رنگیں رُت کا مزہ اٹھانے کے لیے پارکوں کا رُخ کر تے ہیں جہاں رنگارنگ پھول لوگوں کی توجہ کا مرکز ہوتے ہیں۔ ہر طرف نیلے پیلے،ہر ہر رنگ کے پھول کھلے ہوں تو فضا معطر ، طبیعت بحال اور مزاج خوشگوار ہو جاتے ہیں۔ نرم و نازک مخملیں پھول ماحول کی خوبصورتی میں اضافہ تو کرتے ہی ہیں، ان کی موجودگی ذہنوں کو آسودگی اور تسکین بخشتی ہیں، زمین پر بکھرے رنگ برنگے پھولوں کی قوس و قزح نا صرف آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچانے کا باعث بنتی ہے،بلکہ ان کی خوشبو روح کو بھی ترو تازہ کر دیتی ہے۔