جنوبی افریقا کو 5ویں ون ڈے میں شکست دیکرانڈیا رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگیا

جنوبی افریقا کو 5ویں ون ڈے میں شکست دیکرانڈیا رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگیا

2/14/2018 6:01:51 PM :شائع کردہ

پورٹ الزبیتھ: انڈیا نے جنوبی افریقہ کو چھ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پانچویں میچ میں شکست دیکر آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ منگل کو پورٹ الزبیتھ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو انڈیا کی جانب سے روہت شرما کی سینچری کی بدولت انڈین ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 274 رنز بنائے۔ روہت شرما نے 11 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 115 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، یہ روہت شرما کے ایک روزہ کیریئر کی17 ویں سینچری تھی۔ روہت شرما کے علاوہ شکھر دھون 34 ، وراٹ کوہلی 36 اور شریاس ایئر 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی نگیڈی ایک بار پھر کامیاب بولر رہے اور انھوں نے چار وکٹیں حاصل کی۔ سیریز بچانے کے لیے جنوبی افریقہ کے لیے اس میچ میں فتح ناگزیر تھی لیکن 275 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 43ویں اوور میں 201 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ 275 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی اوپنر ہاشم آملہ اور مرکرم نے نسبتا عمدہ آغاز فراہم کیا اور بغیر کسی نقصان کے سکور 50 تک پہنچا دیا تاہم اس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا جو تھم نہ سکا۔ ہاشم آملہ 71 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ انڈیا کی جانب سے کلدیپ یادو نے چار، یزویندر چہل اور پانڈیا نے دو، دو جبکہ بمرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ سیریز میں فتح کے ساتھ ہی آئی سی سی کی ایک روزہ بین الاقوامی رینکنگ میں انڈیا نے جنوبی افریقہ کو دوسری پوزیشن پر دھکیلتے ہوئے پہلی پوزیشن بھی حاصل کر لی ہے۔