امریکا پاکستان کوعالمی 'مالیاتی واچ لسٹ' میں شامل کروانے کیلئے متحرک

امریکا پاکستان کوعالمی 'مالیاتی واچ لسٹ' میں شامل کروانے کیلئے متحرک

2/14/2018 7:26:58 PM :شائع کردہ

واشنگٹن: امریکا پاکستان کو عالمی دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والوں کی 'واچ لسٹ' میں شامل کرنے کیلئے متحرک ہے۔ وائس آف امریکا کے مطابق امریکا کی جانب سے پاکستان کو مبینہ طور پر شدت پسند تنظیوں کی معاونت پر دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور گزشتہ ماہ ٹرمپ انتظامیہ نے اسی کو بنیاد بنا کر پاکستان کی 2 ارب ڈالر کی امداد بھی معطل کر دی تھی۔ دوسری جانب اسلام آباد نے افغانستان اور بھارت میں عسکریت پسندوں کے ساتھ روابط اور ان کی مدد کرنے کی تردید کردی ہے۔ اگلے ہفتے پیرس میں منعقد ہونے والی فائنانشل ایکشن ٹاسک فورس( ایف اے ٹی ایف) کی میٹنگ میں امریکا پاکستان کے خلاف یہ قرارداد پیش کرے گا جس میں پاکستان کو واچ لسٹ میں شامل کیے جانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔اگر یہ قرار داد منظور ہوگئی تو پاکستان کو اس لسٹ میں شامل کردیا جائے گا۔ بین الاقوامی میڈیاکے مطابق پاکستان گزشتہ چند ماہ سے ان ممالک کی فہرست میں شامل ہونے سے بچنے کی کوشش کررہا ہے کہ جو فائنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی رو سے مالیاتی ضابطوں پر عمل درآمد پر پورے نہیں اترتے اور جن پر دہشت گردوں کی مالی معاونت کا قوی شبہ کیا جارہا ہے۔ خدشہ ہے کہ اس فہرست میں شامل ہونے کے باعث پاکستانی معیشت کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس حوالے سے پاکستانی مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ امریکا اور برطانیہ نے پاکستان کے خلاف تحریک چند ہفتے قبل پیش کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم امریکا، برطانیہ، جرمنی اور فرانس کے ساتھ مل کر نامزدگیاں واپس لینے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ ہم اس بات میں کامیاب ہوجائیں گے کہ ہمیں واچ لسٹ میں شامل نہ کیا جائے۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ امریکا حافظ سعید کی وجہ سے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف میں شامل کروانا چاہتا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل 2012 سے 2015 تک بھی پاکستان ایف اے ٹی ایف واچ لسٹ میں شامل تھا۔