پی ٹی آئی جلسے میں عمران خان کی جانب اچھالا گیا جوتا علیم خان کو جا لگا

پی ٹی آئی جلسے میں عمران خان کی جانب اچھالا گیا جوتا علیم خان کو جا لگا

3/13/2018 7:24:14 PM :شائع کردہ

گجرات : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خطاب کے دوران ایک شخص نے عمران خان کی جانب جوتا پھینکا جو عمران خان کے برابر میں کھڑے پی ٹی آئی رہنما علیم خان کو لگا۔ عمران خان اسٹیج پر چند رہنماؤں کے ہمراہ کھڑے ہوکر کارکنوں سے خطاب کررہے تھے کہ اچانک حاضرین میں سے کسی نے ان کی جانب جوتا اچھالا جو علیم خان کے سینے پر لگا۔ عمران خان کے خطاب سے پہلے بھی جلسے میں بدنظمی دیکھی گئی اور کچھ کارکن ایک شخص پر ڈنڈوں اور لاتوں سے تشدد کرتے دکھائی دیے۔ چیئرمین عمران خان کے خطاب کیلئے گجرات کے جی ٹی ایس جلسہ گاہ اسٹیج تیار کیا گیا تھا۔ پی ٹی آئی کے بعض کارکنوں نے جب اسٹیج کے قریب پہنچنے کی کوشش کی تو انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے کارکنوں نے انہیں روکنے کے لیے ڈنڈوں کا استعمال کیا جس کے بعد آئی ایف ایف اور کارکنوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔ خیال رہے کہ 11 مارچ کو گڑھی شاہو میں سابق وزیراعظم نواز شریف جامعہ نعیمیہ کے زیراہتمام تقریب میں شریک ہوئے اور جب وہ خطاب کے لئے ڈائس پر آئے تو ایک شخص نے ان کی جانب جوتا اچھالا جو ان کے سینے پر لگا تھا۔